اقلیتی برداری نے ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، چنگیز خان جمالی
کوئٹہ :کوئٹہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پارٹی کو منظم اور فعال بنا نے پر کام شروع کردیا ہے پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بلوچستان میں بھر پور مینڈیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی پارٹی کے تمام ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلنا میری پالیسی ہے جو دوست ناراض ہیں گلے شکوے پیچھے کر کے آگے بڑھیں، یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائشگاہ پر پاکستان پارٹی بلوچستان کے اقلیتی ونگ کے صدر جعفر جارج اور اقلیتی ونگ کی سیکرٹری اطلاعات حنا گلزار کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زردار ی اور شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے پارٹی فعال اور آئندہ انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے جس پر کام شروع کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سب کو ساتھ لیکر چلنا میری پالیسی کا حصہ ہے گلے شکوے اور کمی بیشی کو دور کرکے پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو ساتھ چلنا ہوگا انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو، میر جعفر خان جمالی اور میر تاج جمالی کا وژن لیکر آگے بڑھ رہا ہوں پارٹی کے تمام دوست میرے بازو بنیں انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو منظم سمت میں گامزن کرنا ہے جس کے لئے صوبے کے تمام علاقوں کے دورے کرونگا کوشش ہے کہ اکتوبر تک کوئٹہ سمیت سرد علاقوں کے دورے مکمل کر لئے جائیں انہوں نے کہا کہ اقلیتی برداری نے ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جنہیں کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا قائد اعظم، پارٹی قیادت اور ہمارے مذہب نے ہمیں ہمیشہ اقلیتوں کا احترام اور انہیں برابر کا شہری تصور کرنے کا درس دیا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کو فعال اور مضبوط کرنے کے لئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے ہمیں فعال ہو کر پارٹی قیادت کی جانب سے دئیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا