وزیراعظم کی اپنی ٹیم میں کرپٹ افراد موجود ہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ کاروبار ٹھپ اور مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔کوئٹہ کے شہری ٹینکرمافیا کے رحم وکرم پرہے۔ حکمرانوں نے 22کروڑ عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے خطرناک حد تک اضافہ کردیا ہے۔حکمرانوں کی لوٹ مار غلط اقدامات کی وجہ سے ہرفرد ذہنی مریض بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا شیرازہ بکھر چکا ہے غلام غافل بے حس حکمران عوام کو مختلف خوشنما نعروں ووعدوں سے دھوکہ دیکر کامیاب ہوجاتے ہیں جو بعدمیں عوام اور ملک کیلئے مصیبت بن جاتے ہیں۔ مہنگائی کے سونامی نے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کو متاثر کیا ہے۔ معاشی ناکامی نے تحریک انصاف کے لوگوں کی اہلیت و صلاحیت دونوں کا پول کھول کر قوم کے سامنے رکھ دیا ہے۔ 3برسوں میں کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو پایہ تکمیل تک پہنچا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے،اب یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔ قوم ان نا اہل حکمرانوں کی قابلیت جان چلے ہیں۔ وزیر اعظم کی اپنی ٹیم میں کرپٹ افراد موجود ہیں، ان لوگوں کی جگہ اسمبلیاں نہیں بلکہ جیل ہونی چاہیے۔ عوام میں حکومت کے خلاف غم و غصہ بڑھتا جارہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان دغا بازوں سے ہوشیار ہو، ہر حکومت میں نام و نشان اورچہرے بدل کر آنے والوں کو پہچانے اور ان کو آئندہ منتخب نہ کرے۔ محب وطن قیادت کا فقدان ہی درحقیقت بنیادی مسئلہ ہے اور اس کو صرف عوام اپنا ووٹ صحیح اور اہل افراد کو دے کر حل کرسکتے ہیں۔ 70برسوں سے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے قوم کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک ان سے چھٹکارا حاصل نہیں کرلیا جاتا، اس وقت تک ترقی کی منازل طے کرنا نا ممکن ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے