تاریخی اعتبار سے بولان سراوان کا حصہ ہے، نواب اسلم خان رئیسانی
کوئٹہ: سراوان کے قبائلی سربراہان نے کہا ہے کہ تاریخی اعتبار سے بولان سراوان کا حصہ ہے، نواب محمد اسلم خان رئیسانی چیف آف سراوان ہیں یہاں چیف آف بولان کا کبھی وجود نہیں رہا، روایات کو مسخ نہ کیا جائے۔ ترجمان سراوان ہاؤس کوئٹہ کے مطابق منگل کے روز چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی زیر صدارت سراوان کے قبائلی سربراہان کا اہم جرگہ سراوان ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جرگے میں نواب محمد خان شاہوانی،سردار کمال خان بنگلزئی،سردار حبیب الرحمن رستم زئی،سردار شیر باز خان ساتکزئی،سردار محمد عاصم سرپرہ،سردار عظیم جان محمد شہی،سردار محمد اسحاق زگرمینگل شریک ہوئے۔ جرگے میں چند دنوں سے میڈیا میں زیر بحث چیف آف بولان کے تنازعہ کا جائزہ لیا گیا اور متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ تاریخی اعتبا ر سے کسی کو چیف آف بولان مقرر نہیں کیا گیا اور نہ چیف آف بولان کا کبھی کوئی وجود رہا ہے بلکہ تاریخی حوالے سے بولان سراوان کا حصہ ہے اور نواب محمد اسلم خان رئیسانی چیف آف سراوان ہیں۔ جرگے میں طے پایا کہ آئندہ کوئی بھی شخص اپنے آپ کو چیف آف بولان نہیں کہلوائے اور نہ لکھے کیوں کہ بلوچی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سب آپس میں بھائی ہیں اور ایک دوسرے کا احترام ہم پر لازم ہے۔