سعودی عرب میں محرم کے بغیر بھی خواتین کو حج کی اجازت
ریاض: سعودی عرب میں محرم کے بغیر حج ادا کرنے کی خواہش مند خواتین سے بھی حج کی درخواستیں طلب کرلی ہیں اور تمام عازمین حج کو آن لائن رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس حج کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے جو 23 جون رات 10 بجے تک جاری رہے گا جس کے لیے محرم کے بغیر حج کرنے کی خواہش مند خواتین سے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
درخواستیں جمع کرانے والوں کو کورونا ویکسین لگوانے اور کسی دوسری بیماری میں مبتلا نہ ہونے کی سند پیش کرنا ہوگی اور صرف ان افراد کو رواں برس حج کرنے کی اجازت دی جائے گی جنہیں حج کیے کم سے کم 5 سال ہوگئے ہوں۔
وزارت حج اور عمرہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو مقدس مقامات تک بسوں کے ذریعے پہنچایا جائے گا اور ہر بس میں 20 سے زائد افراد کو سوار کرنے پر پابندی ہوگی۔
اسی طرح ایک خیمے میں عازمین کی تعداد 4 سے زیادہ نہیں ہوگی اور اس بات کو یقین بنایا جائے گا کہ ہر جگہ 2 عازمین کے درمیان 2.5 میٹر فاصلہ ہو جب کہ عازمین کو مکہ سے باہر اپنا کھانا لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں زائرین کو منیٰ میں روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا اور عرفات میں دو وقت یعنی ناشتہ اور دوپہر کا کھانا دیا جائے گا جب کہ رات کا کھانا مزدلفہ میں ہوگا۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث گزشتہ سال کی طرح غیر ملکی عازمین رواں برس بھی حج ادا نہیں کرسکیں گے، صرف 60 ہزار سعودی شہری یا سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی شہری ہی حج کا فریضہ ادا کرسکیں گے۔