میر ضیاءلانگو اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان سردار بابر موسی خیل کی اسلام آباد میں ملاقات
اسلام آباد :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان سردار بابر موسی خیل نے جمعرات کواسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگونے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے -موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں – افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں -اتحادی جماعت سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں – فیصلہ سازی کے عمل میں پاکستان تحریک انصاف کو شریک کیا گیا ہے۔ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا ہے سردار بابر موسی خیل نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام اور عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے۔