عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہم سب کا مشترکہ ایجنڈہ ہے،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ :کوئٹہ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں عوام کو صحت تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے غیر سرکاری اداروں کی معاونت خوش آئند ہے صوبائی حکومت وسیع وعریض رقبے پر پھیلی آبادی کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اس کار خیر میں غیر سرکاری سطح پر معاونت اہداف کے حصول میں آسانیوں کا باعث ثابت ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے سربراہ نادر گل بڑیچ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہم سب کا مشترکہ ایجنڈہ ہے سنگلاخ پہاڑوں، چٹیل میدانوں، اور مختلف محل و وقوع اور زاویوں میں موجود انسانی آبادی تک دسترس اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تسلسل آسان کام نہیں اس کے لئے کثیر الجہتی اقدامات کی ضرورت ہے حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے جو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمیان ہے کہ بی آر ایس پی بلوچستان کی خواتین کو معاشی و اقتصادی طور پر بااختیار اور مستحکم بنانے کے لیے چھوٹی سطح پر کاروباری مواقعوں کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے جبکہ صحت، تعلیم، زراعت لائیو اسٹاک، آبپاشی، آبنوشی انفرا اسٹریکچر کی بہتری کے لیے بھی منصوبے تشکیل دئیے گئے ہیں بی آر ایس پی کے سربراہ نادر گل بڑیچ نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ادارہ بلوچستان کے عوام کی بہبود کے لئے خدمات کی انجام دہی کو جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پی نے حکومت بلوچستان کو ایک پرپوزل پیش کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ یونین کونسل سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پچاس ارب روپے کا پانچ سالہ منصوبہ شروع کیا جائے تاکہ حکومتی ترقی کے ثمرات نچلی سطح پر عوام تک براہ راست پہنچ سکیں اس ضمن میں بی آر ایس پی ہر قسم کی تیکنیکی معاونت کے لیے تیار ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی سربراہی میں صوبائی حکومت عوام کو درپیش دیرینہ مسائل اور مشکلات کے ادراک کے کوشاں ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بناکر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔