مہنگائی بڑھ رہی ہے اور لوگ بےروزگار ہو رہے ہیں : شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اور لوگ بےروزگار ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے فرمایا تھا کہ حکمران کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج وفاق اور پنجاب میں کرپٹ ترین حکومتیں ہیں جبکہ چینی، گندم، ادویات، براڈ شیٹ، رنگ روڈ میں وزیر مشیر پیسے کھا گئے اور کوئی پوچھنے والا نہیں کہ ملک میں مہنگائی کیوں ہے ؟
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب عدالتوں میں آکر دیکھیں یہاں کیا ہو رہا ہے۔ جلد اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا کہ کس طرح حکومتی مشینری استعمال کر کے اربوں روپیہ کمایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اتنا بڑا ٹرین حادثہ ہو گیا جس پر حکومت کو کوئی ندامت نہیں تھی اور وفاقی وزرا نے سابق حکومت پر ٹرین حادثے کی ذمہ داری ڈال دی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کو وہاں پہنچائیں گے جوعبرت کا نشان ہو گا۔ کمیشن پر کمیشن بنتا ہے جو پیسے کھانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتا۔