سریاب روڈ کٹنگ کو ہم اپنا معاشی قتل تصور کرتے ہیں، ٹکری حمید بنگلزئی
کوئٹہ : کوئٹہ سریاب روڈ کٹنگ متاثرین کااجلاس زیرصدارت منگل کو چیئرمین تاجران بلوچستان ٹکری حمید بنگلزئی منعقد ہوااجلاس میں انجمن تاجران و دوکانداران سریاب زون کے صدر حاجی بشیر احمد بنگلزئی، ملک محمد حسین شاہوانی، حاجی محمد عثمان پرکانی،صوفی رسول بخش لہڑی،حاجی محمد اسحاق محمد شہی،ٹکری اختر محمد شہی، بہاول خان،حنیف خادم، حاجی محمد عمر نیچاری، فوجی عبدالرحیم محمد شہی،سمی اللہ نیچاری، محمد خان نیچاری ،عبدالفتح لہڑی، اور دیگر سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹکری حمید بنگلزئی، حاجی بشیر احمد بنگلزئی، حاجی عثمانی پرکانی اور دیگر نے کہا کہ ہم اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے حاصل کی گئی اور اپنے آباواجداد کی جائیدادوں سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے نصف صدی سے جاری اپنے کاروبار سے بھلا ہم کیسے دستبردارہوسکتے ہیں جب تک ہمیں موجودہ دور کے نرخ کے مطابق زمین کا معاوضہ نہیں دیا جاتا ہم حکومت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم حکومت کو اونے پونے داموں ہرگز اپنی زمین نہیں دینگے ہم ترقی کے مخالف ہرگز نہیں ہیں یہ ہمارا ہی مطالبہ تھاکہ سریاب روڈ کوتوسیع دی جائے جس سے سریاب میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی مگر یہ کون سی ترقی ہے کہ ہمیں فی فٹ 690 روپئے دینے کی باتیں کی جارہی ہیں جو کہ ہمارے ساتھ سراسر زیادتی اور ظلم کے مترادف ہے جس کو ہم اپنا معاشی قتل تصور کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ اچھی بات ہے کہ حکومت نے روڈ کٹنگ کے متاثرین کے حوالے سے صوبائی وزیر ریونیو سلیم کھوسو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ سریاب روڈ کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین کا معاوضہ طے کرے گی ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مذکورہ کمیٹی کا فوری طور پر اجلاس بلا کر سریاب روڈ کے روڈ کٹنگ متاثرین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر ہم اپنے احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پرمجبور ہونگے جس کی تمام زمہ داری حکومت پر عائد ہوگی