دنیا بھر میں انٹرنیٹ کا بڑا بریک ڈاؤن، لاکھوں ویب سائٹس بند
لندن: انٹرنیٹ کا ایک بڑا حصہ آف لائن ہونے کی وجہ سے صارفین کو عالمی خبر رساں ادارے کی ویب سائٹس تک رسائی میں مشکل کا سامنا ہو رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے مطابق اچانک دنیا کی متعدد ویب سائٹس بند ہوگئیں۔ خبروں کی دنیا کی معروف ویب سائٹس بھی آف لائن کا شکار ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں جیسے بی بی سی، گارجیئن، فنانشل ٹائمز اور نیویارک ٹائمز کی ویب سائٹس بھی بند ہوگئیں جب کہ ایمازون سمیت دنیا بھر کی متعدد معروف ویب سائٹس تک بھی صارفین رسائی حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق برطانوی حکومت کی ویب سائٹ – gov.uk – بھی آف لائن ہے۔ بند ہونے والی تمام ویب سائٹس تک رسائی کی کوشش کے جواب میں “Error 503 Service Unavailable” کا جوابی پیغام موصول ہو رہا ہے۔
بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی طور انٹرنیٹ بریک ڈاؤن کا تعلق کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’فاسٹلی‘ سے ہو سکتا ہے۔ فاسٹلی دنیا کی معروف ویب سائٹس کو سروس فراہم کرتی ہے۔دوسری جانب فاسٹلی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک ’’کونٹیٹ ڈیلیوری نیٹ ورک‘‘ (سی ڈی این) سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے، کچھ دیر میں وجہ سامنے آجائے گی اور اس کا تدارک بھی کرلیا جائے گا۔