بےنظیرسپورٹ پروگرام کرپشن ریفرنس، فرزانہ راجہ اشتہاری قرار، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
اسلام آباد: احتساب عدالت نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کرپشن ریفرنس میں سابق چیئرپرسن بی آئی ایس پی فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ جاری کر دیئے۔ عدالت نے ملزمہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم بھی دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جج نے ہدایت کی کہ فرزانہ راجہ کا شناختی کارڈ بلاک کر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
شریک ملزمان کے وکلا نے کہا کہ پہلے بتا دیا جائے کہ یہ حتمی ریفرنس ہے یا عبوری ؟ عبوری ریفرنس پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔ جج کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے مطابق انوسٹی گیشن کو کسی سٹیج پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو طلب کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔