ڈھاڈر اور کچھی کو آفت زدہ قرار دیا جائے، سردار یار محمد رند
کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے ڈھاڈر اور کچھی کے گردو نواح میں حالیہ طوفان اور ڑالہ باری کے باعث اربوں روپے کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر فوری امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا کہ دو روز قبل شدید ڑالہ باری اور طوفان سے ڈھاڈر اور کچھی کے گردو نواح میں ہزاروں مال مویشی ہلاک ہوئے زراعت کو نقصان پہنچا برقی نظام درہم برہم ہو چکا ہے 132 کے وی کے لگ بھگ ساٹھ ستر ٹاورز زمین بوس ہوگئے بجلی تاحال معطل ہے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں لوگوں کا ذریعہ معاش تباہ ہوچکا بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں لیکن تین روز گزرنے کے باوجود متاثرین کا کوئی، پرسان حال نہیں شاید ان کا قصور یہ ہے کہ وہ میرے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھتے ہیں تحصیلدار کے ذریعے ایک آدھ ٹینٹ تقسیم کرکے اتنی بڑی تباہی سے نبرد آزما نہیں ہوا جاسکتا انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل کی سیلابی تباہی میں بھی کچھی اور جھل مگسی کو آفت زدہ قرار دے کر امداد کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس پر بھی کوئی عمل نہیں ہوا حالانکہ اس تباہی کا جائزہ وزیر اعلی بلوچستان اپنی آنکھوں سے ملاحظہ فرما چکے تھے انہوں نے کہا کہ ڈھاڈر اور کچھی کے گردو نواح میں حالیہ تباہی ناقابل بیان ہے اس کڑے وقت میں حکومتی سطح پر عدم توجہی باعث افسوس امر ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر بڑی سطح پر امدادی کارروائی شروع کرکے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی ناگزیر ہے اور اس میں تاخیر مجرمانہ غفلت تصور کی جائے گی سردار رند نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے بجٹ میں غیر معمولی وسائل مختص کرکے فوری طور پر بحالی کی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور کسی بھی طرح کی مصلحت کے قطع نظر متاثرین کی ریلیف و بحالی کو مقدم رکھا جائے سردار یار محمد رند نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کڑے وقت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی امداد و بحالی کے حقوق کے لئے ہر فورم پر بات چیت اور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔