جن اضلاع میں صارفین کو 6گھنٹے سے کم بجلی ملنے کی شکایات ہیں وہ ہمیں آگاہ کریں، کیسکوچیف

کوئٹہ :کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) چیف انجینئر محمد عارف نے کہا ہے کہ وہ صوبے بھر میں زرعی صارفین کو 6سے 8گھنٹے جبکہ کمرشل صارفین کو 24 گھنٹے بجلی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں جن اضلاع اور علاقوں میں زرعی صارفین کو 6گھنٹے سے کم بجلی ملنے کی شکایات ہیں وہ ہمیں آگاہ کریں ان صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا 9 نئے فیڈرز پر کام جاری ہے جس کے بعد وولٹیج کی کمی اور ٹرپنگ کے مسائل میں کمی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر حاجی اختر کاکڑ اور چیمبر آف کامرس کے قائمہ کمیٹی برائے بجلی کے چیئرمین عیسیٰ خان خروٹی کی سربراہی میں ملنے والی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر حاجی اختر کاکڑ اور قائمہ کمیٹی برائے بجلی کے چیئرمین عیسیٰ خان خروٹی و دیگر نے کیسکو چیف کو صنعت وتجارت اور زراعت سے وابستہ افراد کو بجلی سے متعلق درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ صوبے میں 75 فیصد سے زائد آبادی کا ذریعہ معاش بلواسطہ یا بلا واسطہ زراعت سے وابستہ ہے مگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج میں کمی زرعی شعبے سے وابستہ افراد کیلئے مشکل کا باعث ہے یہی نہیں صنعت و تجارت جیسے پیداواری شعبہ جات سے وابستہ صارفین کو بھی اس بابت تحفظات ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ زرعی اور کمرشل صارفین کو بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو ممکن بنایا جائے اس بابت کیسکو چیف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہیں البتہ بہتری کی گنجائش اب بھی موجود ہیں، انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے زرعی صارفین کے لئے دی جانے والی سبسڈی کی رقم میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسے کیسکو حکام اور صارفین متاثر ہوتے ہیں اس لئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا نمائندہ وفد جلد وزیراعلی بلوچستان و دیگر متعلقہ حکام سے اس بابت ملاقاتیں کریں گے،انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کیسکو اور صارفین کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی تاکہ درپیش مشکلات کا حل نکالا جا سکے اس موقع پر کیسکو چیف انجنیئر محمد عارف کا کہنا تھا کہ ان کی اپنے ٹیم کے ہمراہ کوشش ہے کہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے البتہ بلوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے اور دیگر مسائل اس میں آڑے آرہے ہیں اس بابت چیمبر ان کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ 9نئے فیڈرز پر کام جاری ہے جو ایک مہینے کے دوران مکمل ہو گا اس کے بعد وولٹیج کی کمی اور ٹرپنگ کے مسائل میں کمی آئے گی انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں زرعی صارفین کو 6سے 8گھنٹے بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے جن اضلاع اور علاقوں میں زرعی صارفین کو اس سے کم بجلی مل رہی ہے وہ اس بابت انہیں آگاہ کریں انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ صنعت و تجارت اور زراعت کسی بھی ملک اور صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ کمرشل صارفین کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے،انہوں نے کہا کہ بلوں کی بروقت ادائیگی کرنے والے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں بلکہ اس بابت کی کی کاوشیں جاری و ساری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے