پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، عمران خان
کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ اور جنگی صلاحیتوں سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔ پاک فوج نے اپنے دشمنوں کیخلاف ہمیشہ بہترین نتائج حاصل کیے۔وزیراعظم نے یہ بات کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ وزیراعظم وہاں پہنچے تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے کورس شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کے جذبے اور سراہا اور کہا کہ پاک فوج نے دشمن کیخلاف ہمیشہ بہترین نتائج حاصل کیے۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنی سوچ پر بھی بات کی اور کہا کہ ایسا پاکستان جہاں قانون کی حکمرانی، سب کا احتساب اور انصاف عام ہو۔ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے نظریہ کے مطابق خوشحال اسلامی ریاست سخت محنت سے ہی قائم ہو سکتی ہے۔