آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے ،میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی کورونا وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے امن وامان، اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کوسخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہو گا۔ ہر سطح پراخراجات کو کنٹرول کر کے کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کے بجٹ میں عوام کو اچھی خبریں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے آئندہ مالی سال کا بجٹ کا محور عام آدمی ہوگا۔ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم نے کمزور طبقوں کا تحفظ کرنا ہے۔