دریائے سندھ سے منسلک بلوچستان کا سب سے بڑا نہری نظام کرپشن اور عدم توجہی کے باعث تباہی سے دوچار ہے،میر صاد ق عمرانی

کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن سینئرسیاستدان میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے منسلک بلوچستان کا سب سے بڑا نہری نظام کرپشن اور عدم توجہی کے باعث تباہی سے دوچار ہے پٹ فیڈر کینال میں آر ڈی 238 کے مقام پر گزشتہ کئی سالوں سے سیلاب کے باعث پڑنے والے کئی فٹ چوڑے شگاف تاحال بند نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے اندرون کمانڈ پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے رہی سہی کسر بیرونی ایریا میں ایریگشن ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے نصب کی گئی سینکڑوں غیر قانونی پمپنگ مشینوں نے پوری کردی ہے کمانڈ ایریا کے زمیندار اور زراعت سے وابستہ افراد اپنے جائز حق آب سے محروم ہیں جبکہ آوٹ آف کمانڈ ایریا میں چاول کاشت کیا جارہا ہے میر صادق عمرانی نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال ایریگشن قوانین کے برعکس اور عدالت عالیہ بلوچستان کے واضح احکامات کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں پٹ فیڈر کینال کے بیرون میں غیر قانونی واٹر کورس چل رہے ہیں باعث افسوس امر یہ ہے کہ ان واٹر کورسز کی پمپنگ مشینوں کو بجلی بھی واپڈاکے تقسیم کار سرکاری ادارے غیر قانونی طور پر لین دین کے عیوض فراہم کررہے ہیں میر صادق عمرانی نے کہا کہ ان غیر قانونی واٹر کورس اور پمپنگ مشینوں کے جملہ کوائف اور لسٹ ہمارے پاس موجود ہے انہوں نے کہا کہ کرپشن عدم توجہی سے گرین بیلٹ کے آباد علاقے صحرا میں تبدیل ہوررہے ہیں اور زراعت سے وابستہ افراد کا واحد ذریعہ معاش دانستہ ختم کرکے مقامی افراد کی نقل مکانی کی سازشیں کی جاررہی ہیں ہم اپنے لوگوں کا معاشی قتل قطعی برداشت نہیں کریں گے میر صادق عمرانی نے مطالبہ کیا کہ پٹ فیڈر کینال میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لیا جائے آر ڈی 238 پر تمام شگاف بند کرکے دریائے سندھ سے مقررہ حصہ آب 6700 کیوسک کی دستیابی کو یقینی بنانے اقدامات اٹھائے جائیں پٹ فیڈر بیرون میں نصب سینکڑوں غیر قانونی پمپنگ مشینوں اور واٹر کورس ختم کرکے متاثرین کی داد رسی کی جائے اور انہیں ان کا حق دیا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے