ماہرین صحت وعالمی ادارے کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا کا خاتمہ جلد ممکن نہیں، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ :ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ اصل اہمیت عوام کی احتیاطی تدابیر اختیارکرنا ہے ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ پاکستان میں کرونا کے پھیلاؤ کی شرح میں آہستہ آہستہ کمی واقع ہو رہی ہے عوام میں کرونا کے حوالے سے مکمل آگہی ہے اس کے لئے ہم سب کو کرونا ویکسین لگوانے کے لیے لوگوں کو راغب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرونا ویکسین حکومتی قائم کردہ مراکز میں وافر مقدار میں موجود ہے ہمیں چاہیے کہ ہم خود بھی ویکسین کرائیں اور اس کے لیے اپنے خاندان کے افراد دوست احباب اور رشتہ داروں کو بھی راغب کریں کہ وہ بھی ویکسین کرائیں جو کرو نا کے لئے نہایت ہی ضروری ہے ماہرین صحت و عالمی ادارے کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا کا خاتمہ جلد ممکن نہیں اور اس کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے اس لیے اس کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اور اقدامات پہلے سے ہی مکمل کیے جانے چاہیے انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے کوئی منفی اثرات ابھی تک سننے میں نہیں آئے اس لیے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قائم مراکز صحت میں جاکر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی کرائیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی طرز زندگی میں کرونا ایس او پیز کو اپنانا شروع کریں تاکہ ہم اس کے عادی ہو سکیں۔