کورونا کی سمجھ اسی وقت آتی ہے جب آپ کا اپنا وائرس کا شکار ہوکر اس دنیا سے چلا جاتا ہے :بشریٰ انصاری
بشریٰ انصاری نے گزشتہ روز ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے نہایت افسردہ لہجے میں بتایا کہ کورونا کی سمجھ اسی وقت آتی ہے جب آپ کا کوئی اپنا اس خطرناک وائرس کا شکار ہوکر اس دنیا سے چلا جاتا ہے۔
رواں ماہ کی بتدا میں بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد کورونا وائرس کے بعد اس دنیا کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھوڑ گئی تھیں۔ بشریٰ انصاری اور ان کا خاندان اس صدمے سے نڈھال ہے ۔ گزشتہ روز انہوں نے اسی حوالے سے ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں بشریٰ انصاری اپنی بہن کے موت کے غم میں نڈھال نظر آرہی تھیں۔ انہوں نے کہا آپ سب نے سنا کچھ دن پہلے ہم نے اپنی بہن سنبل شاہد کو کھودیا۔ کورونا کے بارے میں بہت سی معلومات ہمیں دی جاتی ہیں، بہت کچھ بتایا جاتا ہے اور ہم دیکھ بھی رہے ہیں لیکن سمجھ میں جب آتا ہے جب آپ کا کوئی اپنا، کوئی پیارا اتنی تکلیف سے اتنی مشکل سے اس وائرس کی وجہ سے اس جہان کو چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا ہم چاروں بہنوں کے لیے آپ لوگوں نے جتنی محبت کا اظہار کیا اور جتنی شدت کے ساتھ اس غم کو بانٹنے کی کوشش کی سب سے پہلے تو اس کا بہت بہت شکریہ۔