وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما میر فرید رئیسانی کی قیادت میں ضلع کچھی اور مستونگ کے وفد کی ملاقات
کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما میر فرید رئیسانی کی قیادت میں ضلع کچھی اور مستونگ کے وفد نے یہاں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ سینیٹر منظور احمد کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعلی کو وفد نے علاقے کے عوام کو بجلی، گیس، تعلیم سمیت دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد نے علاقے میں بجلی کی کم وولٹیج اور موبائل سگنلز کے مسائل کو حل کرنے کی بھی درخواست کی۔ وزیراعلی نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع کچھی اور مستونگ کی تعمیر وترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ ہر علاقے کی ڈیولپمنٹ کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ دشت کی ترقی کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں۔ جس کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی، کالج، صحت کی سہولیات سیمت اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے شامل کیے جائیں گے جبکہ زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وفد میں میر غلام رسول رئیسانی، حاجی عبد القادر، سردار اللہ یار خان بنگلزئی، سردار نہال خان، سردار لیاقت اور حاجی تاج محمد شامل تھے