چاغی کے عوام کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنا ان کے اولین ترجیحات میں شامل ہے، میر عارف جان محمد حسنی
چاغی :صوبائی وزیر میر عارف جان محمد حسنی نے کہا ہے کہ چاغی کے عوام کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کرنا ان کے اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ آج جدید دنیا میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے دور دراز دیہی علاقوں میں اپنے شعبے کے ماہر ڈاکٹروں سے علاج ممکن ہوا ہے لہذٰا آیندہ آن لائن سسٹم کے ذریعے علاج سے چاغی کے عوام کو اپنے ہی علاقے میں ملک کے مایہ ناز ڈاکٹروں سے علاج و معالجہ کی سہولتیں بآسانی میسر ہوں گی، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے چاغی کے لوگ اپنے مریضوں کے علاج کے لیے کوئٹہ اور کراچی کا رخ کرتے تھے اب چاغی شہر کے اندر ہی وہ اس طرزِ علاج سے مستفید ہوسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر ایچ سی چاغی میں زچہ وبچہ سینٹر میں ڈلیوری کیسیز اور دیگر امراض کے آن لائن چیک اپ سینٹر کے دورہ کے موقع پر آر ایچ سی چاغی کے انچارج میڈیکل ٹیکنیشن عبدالباسط زہری، تحصیلدار چاغی جاوید آحمد کرد و دیگر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چاغی آر ایچ سی زچہ و بچہ سینٹر میں اب تمام سہولیات میسر ہیں اور سینٹر میں عوام بالخصوص خواتین مریضوں کو زچگی کے دوران پیش آنے والے پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ماہر فیمیل ڈاکٹرز آن لائن خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ میں اپنے گھر کے مریضوں کو چیک اپ کے لیے اسی سینٹر لے آونگا تاکہ چاغی کے عوام کا اعتماد زچہ و بچہ سینٹر پہ مزید بحال ہوسکے انھوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی چاغی عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے اب زچگی و دیگر امراض کے علاج کیلئے مریض کو دور دراز علاقوں میں لے جانے کے ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئیعوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ خود بچیں اور اپنے گھروالوں کو بھی اس خطرناک و جان لیوا وائرس سے بچاسکیں محکمہ صحت ضلع چاغی دستیاب وسائل رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے،انہوں نیکہا کہ ضلع چاغی میں کروناوائرس کی صورت حال پر کڑی نظر ہے، ضلع چاغی میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کاعمل تیزی سے جاری ہے، ضلع چاغی کے تمام ہسپتالوں میں ویکسین موجود ہے اور ہیلتھ سینٹرز بھی فعال ہیں، عوام اپنے قریبی ہسپتالوں میں جاکر ویکسین لگوا کر خود اور اپنے اہلخانہ کو اس عالمی وبا سے محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔