وفاقی پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کی اسکیموں کے فنڈز کے اجراء اور دیگر معاملات کے پروسس کو تیز کیا جائے، جام کمال خان

کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت فیڈرل پی ایس ڈی پی اسکیمات پر پیشرفت اور بجٹ 22-2021 کی تیاری سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکریٹری خزانہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری وزیراعلی سیکریٹریٹ، اسپیشل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، ڈائریکٹر تعلقات عامہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کی شرکت کی۔اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے وفاقی پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت اسکیمات کے لیے فنڈز کے اجراء و استعمال اور اگلے مالی سال کے لیے تجویز کردہ منصوبوں پر بھی تفصیلی بریف کیا گیا۔اجلاس کو سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور مجوزہ سفارشات پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو فنڈز کے اجراء و اخراجات اور مالی امور کے علاوہ نئے مالی سال کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے خدوخال اور مجوزہ حجم کے حوالے سے بریف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی طرح آئندہ مالی سال میں بھی غیر ترقیاتی فنڈز کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے ترقیاتی مد میں زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بجٹ کا حتمی مسودہ بروقت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لیے اپنا گھر اسکیم،انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ اور وومن ایمپاورمنٹ فنڈ کے قیام کے حوالے سے مجوزہ سفارشات پر گفتگو کی گئی۔وزیراعلی نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کو ہدایت کی کہ فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے حوالے سے موثر اقدامات کیے جائیں اور وفاقی پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کی اسکیموں کے فنڈز کے اجراء اور دیگر معاملات کے پروسس کو تیز کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر نے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے اور اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے صوبے کے طول وعرض میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے