وزیراعلیٰ بلوچستان نے زیر تعمیر سریاب اسپورٹس کمپلیکس اور ریڈیو پاکستان لنک روڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے زیر تعمیر سریاب اسپورٹس کمپلیکس اور ریڈیو پاکستان لنک روڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انھوں نے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی ٹیم سے ملاقات کی۔ صوبائی مشران حاجی محمد خان لہڑی، حاجی اکبر آسکانی، سینیٹرز منظور احمد کاکڑ، آغا عمر احمد زئی، پارلیمانی سیکرٹری میر سکندر عمرانی، وزیراعلی کے کوآرڈینیٹر میر عبدالروف رند، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم، سیکرٹری اسپورٹس عمران گچکی، سیکرٹری روڈ سلیم اعوان، ڈی جی اسپورٹس، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ و دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کو سیکریٹری اسپورٹس کی جانب سے سریاب اسپورٹس کمپلیکس میں جاری تعیراتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں مزید نئے منی اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں 6 اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں مزید بتایا کہ صوبے بھر میں 65 فٹسال گراؤنڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی نے اسپورٹس کمپلیکس اور ریڈیو پاکستان لنک روڈ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو مواصلاتی سہولیات اور صحت مند تفریحی کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سریاب کے لیے جامع ترقیاتی پروگرام مرتب کیا ہے جس کے تحت سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ اسی طرح صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔ سریاب کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے