بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔

اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیگم نسیم ولی شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔

بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیوہ تھیں اور وہ 3 بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوچکی تھیں۔

اے این کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے ولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

بیگم نسیم ولی کے شوہر اور پاکستان کے نامور سیاست دان خان عبدالولی خان کا انتقال 26 جنوری 2006 کو پشاور میں ہوا تھا، وہ 11 جنوری 1917 کو ضلع چارسدہ کے علاقے اتمان زئی میں پیدا ہوئے تھے۔

بیگم نسیم ولی خان کی پیدائش اور پرورش ایک قدامت پسند سیاسی گھرانے میں ہوئی، میدانِ سیاست میں وہ 1975 میں اس وقت منظرِ عام پر آئیں جب اُن کے شوہر اور پشتون قوم پرست جماعت نیشنل عوامی پارٹی (این اے پی) کے صدر ولی خان کو گرفتار کر لیا گیا، اُس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اُن کی پارٹی پر پابندی عائد کر دی تھی۔

جنرل ضیاء الحق کے دورِ اقتدار میں بیگم نسیم ولی خان نے این اے پی کی باگ ڈور سنبھال لی اور حیدر آباد جیل سے اپنے شوہر اور اے این پی کے درجنوں ساتھیوں کی رہائی کے لیے ایک کامیاب مہم چلائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے