پولیس شہید ہونے والے صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قاتلوں تک پہنچ چکی ہے بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ اظہر اکرم
کوئٹہ : ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے کہا ہے کہ پولیس شہید ہونے والے صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قاتلوں تک پہنچ چکی ہے بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے پولیس کی جانب سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسد ناصر کی سربراہی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس حوالے سے تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر شہزادہ ذوالفقار کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، سینئر نائب صدر محمد افضل مغل، سینئر صحافی نور الٰہی بگٹی اور شہید عبدالواحد رئیسانی کے بھائی شعیب رئیسانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وقوعہ کے روز سے اب تک پولیس نے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی اپنی تحقیقات کے عمل کو آگے بڑھایا ہے اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم کام کررہی ہے اور پولیس ملزمان تک پہنچ چکی ہے بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھارہی ہے کیونکہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے اور شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قاتل بھی بہت جلد قانون کے شکنجے میں جکڑے جائیں گے اور اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔