آئندہ مالی سال کا بجٹ افرادی خواہشات کا تابع نہ ہو،سردار یارمحمد رند
کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے کے لیے دستیاب وسائل کا درست استعمال عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں کارگر ثابت ہوسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ افرادی خواہشات کا تابع نہ ہو بلکہ عوامی ضروریات کے عین مطابق تشکیل دیا جائے جس میں عدالت عالیہ بلوچستان کی واضح گائیڈ لائن کو ہر حالت میں ملحوظ خاطر رکھا جائے بجٹ میں شامل ہر اس اجتماعی میگا پروجیکٹ کی حمایت کریں گے جو مفاد عامہ میں عوام کے لئے سود مند ثابت ہوگا اپنے ایک بیان میں سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبائی بجٹ کی تشکیل میں عوامی ضرورت کے میگا پروجیکٹ شامل ہونے چاہئیے کروڑ ڈیڑھ کروڑ روپے کی چھوٹی اسکیمات افرادی خواہشات کے تابع ہوتی ہیں جن سے عوام کو نہیں بلکہ مخصوص افراد کو فائدہ ہوتا ہے لہذا بڑے منصوبے بجٹ ترجیحات کا حصہ ہونے چاہئے انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں سے بلوچستان کے ستر فیصد سے زائد عوام کا روزگار وابستہ ہے ایک وقت تھا جب بلوچستان پورے ملک میں لائیو اسٹاک کی ستر فیصد کے لگ بھگ ضروریات پوری کرتا تھا اور اب حال یہ ہے کہ ہمیں اپنے لئے بھی دستیاب نہیں بلوچستان کے زرعی بیلٹ نصیر آباد میں واقع پٹ فیڈر کینال تباہی سے دوچار ہے ایک سازش کے تحت اس نہر کو تباہی کے دہانے پر دھکیل کر زرعی علاقوں کو بنجر زمین میں تبدیل کیا گیا ہے زرعی شعبہ تباہ حالی کا شکار ہے زراعت اور لائیو اسٹاک شعبوں کی ترقی کے لئے بجٹ میں قابل عمل منصوبے تشکیل دئیے جائیں اور پٹ فیڈر کینال کی ڈی سلٹنگ کے لئے صوبائی بجٹ میں وسائل مختص کئے جائیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق غریب افراد کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں تعلیم، صحت آبنوشی سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں بلوچستان میں تعلیم کی ترقی کے لئے وزرات تعلیم کی جانب سے ایسے میگا پروجیکٹس تجویز کئے گئے ہیں جن پر عمل درآمد سے تعلیمی ترقی کا ایک دیرپا باب کھلے گا امید کرتے ہیں کہ تعلیمی ترقی کے لئے تجویز کردہ ان میگا پروجیکٹس کو بلوچستان کی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے حتمی مراحل تک شامل دستاویز رکھ کر اس کی منظوری دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کٹ پیسٹ پر مبنی روایتی بجٹ دستاویزات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے گراس روٹ اسیسمنٹ پر مشتمل ایسا بجٹ تشکیل دیا جائے جو عوامی خواہشات کا آئینہ دار ہو عوام نے موجودہ حکومت سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ان پر پورا اترنے کے لئے ضروری ہے کہ بجٹ کسی مخصوص طبقے کے لئے نہیں عوام کے لئے تشکیل دیا جائے سردار یار محمد رند نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی منشور اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف عوام کے جذبات کی بہتر نمائندگی کرتی رہے گی اور پارلیمانی فورم پر عوامی حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان اسمبلی میں ہر اس مثبت عمل، قانون سازی اور اجتماعی منصوبے کی حمایت کرے گی جس کے ثمرات براہ راست غریب اور عام آدمی تک پہنچیں گے