باکسر عزت خان کاکڑ کو ککس باکسنگ فائٹ میں اپنے امریکی حریف کو شکست دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی
کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ملکی باکسر عزت خان کاکڑ کوبین الاقوامی طرز پر برمنگھم الباما میں ککس باکسنگ فائٹ میں اپنے امریکی حریف کو شکست دینے اور شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کیا گیا ہے۔ ضلع قلعہ عبداللہ خان کے تحصیل گلستان عبدالرحمن سے تعلق رکھنے والے عزت خان کاکڑ نے انتہائی کٹھن حالات میں اپنی محنت جاری رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے بدولت ملک وبیرون ملک کھیل کے میدان اور باکسنگ کے مقابلوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی اور یہاں تک کہ انہوں نے اس سے قبل تین ہفتوں میں تین فائٹس کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے ملکی باکسنگ کے کھلاڑی ہے جنہوں نے BKFCیعنی بغیر گلوز اور گیئرز فائٹ کیا اور فتح حاصل کی۔ بین الاقوامی سطح کے باکسنگ کے ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے عزت خان کاکڑ بیرون ملک، ملک، صوبے اور بالخصوص اپنے آبائی علاقے ضلع قلعہ عبداللہ خان گلستان عبدالرحمن زئی کانام بھرپور انداز میں روشن کیا اور عزت خان کاکڑ کی جانب سے نوجوانوں کو دیئے جانیوالے پیغام جس میں انہوں نے کہا کہ ضلع علاقے کے نوجوان اسلحہ کلچر سے نفرت کرتے ہوئے کھیل کی جانب بڑھیں یہ انتہائی قابل تحسین اور قابل تقلید پیغام ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ اپنے نوجوانوں کو علم حاصل کرنے اور کھیلوں کے ویران میدانوں کو آباد کرنے کیلئے بالخصوص اپنے گزشتہ دور حکومت میں اہم اقدامات کیئے۔ ہر ضلع میں سپورٹس فیسٹیول، ملکی، بین الاقوامی، صوبائی، علاقائی روایتی کھیلوں کے انعقاد، مختلف اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، سپورٹس کلبوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں کھیل کے سامان ودیگر ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور علم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ جب تک کھیل کے میدان آباد نہیں ہونگے اْس وقت تک لوگ بالخصوص نوجوان طبقہ مثبت سرگرمیوں کی جانب نہیں آسکتا جس کے باعث منفی سرگرمیوں کے بڑھنے کے رجحانات انتہائی زیادہ ہوتے ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نوجوانوں سے یہ کہتی ہے کہ وہ اپنے مثبت سرگرمیوں کو دوبالا کرتے ہوئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کریں او منشیات فروشوں، ان کے اڈوں اور منفی سرگرمیوں اور اس کی پشت پناہی کرنیوالے عناصر سے ہر قسم سے دوری اختیار کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ترک کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے کیونکہ ہمارے وطن میں ایک اہم سازش ومنصوبے کے تحت جنگ کے بعد اب منشیات کے ذریعے ہمارے نوجوانوں بالخصوص نئی نسل کو تباہ کرنے کیلئے ہر طرح کے ناروا اقدامات کیئے جارہے ہیں جس کی روک تھام ہر سطح پر ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ بی کے ایف سی بین الاقوامی باکسنگ فائٹ میں امریکہ کے باکسر کو شکست دینے اور عزت خان کاکڑ کی کامیابی کو ملکی میڈیا پربالخصوص سپورٹس چینلز پر بھی کوریج نہ دینا ہمارے صوبے،اس کے عوام اور بالخصوص کھیل کے شعبے سے انتائی زیادتی کے مترادف ہے کیونکہ ملک کے دیگر علاقوں میں مقامی سطح پر ہونیوالے کسی بھی کھیل کو لائیو نشر کیا جاتا ہے اور اس کی کوریج کی جاتی ہے لیکن یہاں عزت خان کاکڑ جس نے نہ صرف بیرون ملک اپنے ملک، صوبے اور ضلع کا نام روش کیا اور شاندار کامیابی حاصل کی ان کی حوصلہ افزائی تک نہیں کی گئی اور نہ ہی وفاقی یا صوبائی سطح پرحکومت یا اس کے نمائندوں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے جو کہ قابل افسوس ہے۔ بیان میں ایک بار پھر برمنگھم الباما میں ککس باکسنگ فائٹ کے مقابلے میں شاندار کامیابی پر مایہ ناز کھلاڑی باکسر عزت خان کاکڑ کوان کے کوچ واکیڈمی کے ممبران اور ان کے خاندان کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ و ہ عزت خان کاکڑ کی بہترین حوصلہ افزائی کریں تاکہ ہمارے دیگر نوجوان بھی اپنی صلاحیتوں کو مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلوں کے میدان میں اپنا اور اپنے وطن کا نام بھرپور انداز میں روشن کرسکے۔