وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد:معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیراعظم نے اسے نامنظور کر کے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 108روپے 56پیسے پر برقرار ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 110روپے 76پیسے برقرار ہے، مٹی تیل کی قیمت 80روپے فی لیٹر برقرار ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 77روپے 65پیسے برقرار ہے۔ حکومت قیمتیں برقرار رکھ کر 4.8ارب روپے کا بوجھ برداشت کررہی ہے۔
یادرہے کہ 15 روز قبل حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مسلسل دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 2.32 روپے کمی کر دی گئی تھی۔
حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پٹرول کی قیمت میں کمی کرنے کی منظوری دیدی ہے، فی لٹر پٹرول 1 روپے 79 پیسے سستا کیا گیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 2 روپے 32 کمی کی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 2.06 روپے کی تنزلی دیکھی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 2.21 روپے کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فی لٹر پٹرول کی نئی قیمت 108.56 روپے ہو گئی ہے، فی لٹر ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 110.76 روپے، فی لٹر تیل کی قیمت 80 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لٹر قیمت 77.65 روپے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے تک کمی کی تھی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول 1 روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جبکہ مٹی کا تیل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1روپیہ 56 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 110روپے 35 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی نئی قیمت 113 روپے 8 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 79روپے 86ہیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے