تبدیلی سرکار صرف ٹی وی پر تقاریر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتی،حاجی علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ صرف اور صرف زبانی جمع خرچ پر مبنیٰ تھا وزیراعظم کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا کہ انہوں نے پونے تین سال میں بلوچستان کے لئے کیا کیا، 3300کلو میٹر سڑکیں بنانے کے دعویدار حقائق بتائیں کہ کتنی سڑکیں مکمل ہوئیں، وفاقی اور بلوچستان حکومتوں کی مایوس کن کارکردگی سے صوبے کے عوام بخوبی آگا ہ ہیں، یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا دورہ کیا موجودہ حکومت کو اگر کے مسائل سے کوئی سروکار ہوتا تو وہ عوام میں جاکر ان کے مسائل پوچھتی مگر وزیراعظم نے فرضی تختیاں لگا کر ان منصوبوں کو کریڈیٹ لینے کی کوشش کی جو گزشتہ کئی سالوں سے چلے آرہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 3300کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ ہے موجودہ حکومت نے بلوچستان کو ترقی دینے کے محض دعوے کئے اور حقیقت میں صوبے کو مزید غربت، پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو معلو م ہونا چاہیے تھا کہ بلوچستان میں کرپشن اور کمیشن کا بازار گرم ہے یہاں ترقی منصوبوں پر عملی طور پر کوئی کام نہیں ہورہا اگر وزیراعظم شہر میں جا کر دیکھتے تو انہیں معلوم ہوتا کہ مغربی بائی پاس، نواں کلی بائی پاس، سریاب روڈ، سبزل روڈ سمیت تمام منصوبوں پر کام عملی طور پر بند ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کے لئے پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں آغاز حقوق بلوچستان پیکج دیا، صوبے کی عوام کی دل جوئی کرنے کے اقدامات کئے گئے اور عملی طور پر بلوچستان میں خوشحالی کی بنیاد رکھی گئی تاہم موجودہ دور میں اس کے برعکس بلوچستان کی عوام پریشانیوں کا شکار ہے، عوام کااحساس محرومی اور بد امنی ایک بار پھر بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار صرف ٹی وی پر تقاریر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتی عوام اب حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اسکا خاتمہ چاہتے ہیں