محکمہ صحت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ، نور الحق بلوچ
کوئٹہ : سیکرٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے کے 28ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں 10بیڈ کے آئی سی یو بنائے جائیں گے، سول اور بی ایم سی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے 30،30بستروں پر مشتمل آئی سی یو فعال ہیں، بی ایم سی، سول اور بے نظیر ہسپتالوں کے آکسیجن پلانٹ فعال ہیں،فاطمہ جناح ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ تعمیر کرنے کا ٹینڈر ہوچکا ہے، شیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں 220بستروں پر مشتمل ہنگامی وارڈ مکمل طور پر تیار ہے صوبے میں 18ہزار صحت ورکرز کو انسداد کورونا وائرس ویکسین لگائی جا چکی ہے، یہ بات انہوں نے منگل کو بی ایم سی اور سول ہسپتال کوئٹہ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ایس بی ایم سی ہسپتال ڈاکٹر کمالان گچکی، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ارباب کامران،پروفیسر عبدالباقی درانی، پروگرام منیجر ای پی آئی ڈاکٹر اسحاق پانیزئی، ڈاکٹر رشید جمالی، ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی، وسیم بیگ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سیکرٹری صحت نو ر الحق بلوچ نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بی ایم سی ہسپتال میں 30بستروں، وینٹی لیٹر،ایکسرے مشینوں سمیت تمام تر آلات سے آراستہ آئی سی یو فعال ہے جبکہ ہسپتال میں متبادل طور پر مزید 11بستروں پر مشتمل آئی سی یو بھی موجودہے انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا آکسیجن پلانٹ مکمل طور پر فعال ہے اور ہمہ وقت1200بستروں پر مشتمل ہسپتال کو آکسیجن سپلائی کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ہسپتال میں 44مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہے جبکہ اسے مزید 42بستروں پر توسیع دی جارہی ہے ہسپتال کے آکسیجن پلانٹ کا ٹینڈر ہوچکا ہے آئندہ ماہ ہسپتال کا اپنا پلانٹ تعمیر کردیا جائیگا انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کو مکمل طور پر کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کیا گیا ہے وہاں 220مریضوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ سول ہسپتال میں بھی 30بستروں پر مشتمل کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے خصوصی آئی سی یو وارڈ تیار کیا گیا ہے جہاں پر 7وینٹی لیٹر بھی موجود ہیں اس کے علاوہ سول ہسپتال میں تین آکسیجن پلانٹ ہیں جبکہ بے نظیر ہسپتال کے پلانٹ سے آکسیجن فلنگ بھی کی جارہی ہے تمام ہسپتالوں میں پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسر،پیرامیڈیکس اور تربیت یا فتہ عملہ موجود ہے ہسپتالوں میں ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے 28ڈی ایچ کیوز میں 10بیڈ ز پر مشتمل آئی سی یو بنائے جارہے ہیں ہر ضلع میں آکسیجن پلانٹ فراہم کی جائیگا اس وقت کورونا وائرس کی صورت حال قابو میں ہے محکمہ صحت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں 22ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز نے انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوانے کے لئے رجسٹریشن کی جن میں سے 18ہزار نے ویکسین لگوائی ہے عوام سے درخواست ہے کہ وہ بھی ویکسین لگوائیں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس میں فرائض سرانجام دینے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کو الاؤنس جاری کردیا گیا ہے۔