باجوڑ،دو فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ،2افراد جاں بحق 10 زخمی
باجوڑ : باجوڑ میں دو فریقوں کے درمیان رقم کے تنازعہ پر فائرنگ کاتبادلہ،2افراد جاں بحق، راہگیروں سمیت 10افراد زخمی ہوگئے، زخمی ناوگئی ہسپتال اور خار ہسپتال منتقل۔ ریسکیو1122ذرائع کے مطابق پیر کے دن ناوگئی بازار میں دو فریقوں مسمی ملنگ اور مسمی مصنف کے درمیان رقم کے تنازعہ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں دونوں فریقین اور راہگیر فائرنگ کے زد میں آگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 12افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122باجوڑ کے اہلکاروں نے اطلاع ملتی ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کاروائیاں کرکے زخمیوں کو تحصیل ہسپتال ناوگئی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال خار باجوڑ منتقل کیا۔ تاہم 50سالہ ملنگ اور 60سالہ زیارت گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ زخمیوں میں 85سالہ غفار، 12سالہ عبدالقادر، 29سالہ مرزا، 29سالہ بصیر، 10سالہ یوسف، 45سالہ حاجی کابل، 18سالہ گل نوا ز، 18سالہ محمد نواز، 16سالہ یاسر اور 30سالہ گل محمد شامل ہیں۔ واقعہ کیخلاف تاجر برادری ناوگئی بازار کے دکانداروں نے احتجاج کیا اور بازار کو احتجاجاََ بند کرکے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ کو ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ تاجر برادری کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ناوگئی بازار میں نہ تو رات کے وقت امن ہے اور نہ دن کے وقت جبکہ اس کے علاوہ بازار میں سکیورٹی اہلکار تعینات نہ ہونے کیوجہ سے بدامنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ہمیں امن نہیں دیا جاتا اُس وقت تک احتجاج جاری رہیگا۔ دریں اثناء علاقہ کے سرکردہ قبائلی وسیاسی رہنماء شیخ جہانزادہ نے واقعہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بار بار متعلقہ حکام کو درخواست کیا ہے کہ ناوگئی بازار میں صرف 2پولیس اہلکارتعینا ت ہیں جوکہ ناکافی ہے اور بازار میں امن وامان کے صورتحال ٹھیک نہیں ہیں لیکن ہمارے درخواست پر کوئی عمل نہیں کیاگیا جس کیوجہ سے یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بازار میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھائی جائے۔