ایک نوجوان صحافی کو رات کی تاریکی میں فائرنگ کر کے شہید کرنا کسی بھی صورت درست اقدام نہیں،بلوچستان نیشنل پارٹی
کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں نوجوان صحافی عبدالواحد رئیسانی کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک نوجوان صحافی کو رات کی تاریکی میں فائرنگ کر کے شہید کرنا کسی بھی صورت درست اقدام نہیں اس سے پہلے بھی دانستہ طور پر یہ کوشش کی گئی کہ وہ بلوچستان کے تعلیم یافتہ‘ اہل قلم اور سیاسی‘ نظریاتی اور شعوری سوچ سے لیس نوجوانوں‘ شاعر‘ ادیب‘ صحافیوں‘ دانشوروں کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا لمحہ فکریہ ہے مسلمہ اصول ہے کہ قوموں کو ظلم و جبر و ناانصافیوں سے ختم کرنا کسی بھی صورت ممکن نہیں ایسے واقعات سے نوجوان جان کے کسی بھی شعبے سے تعلق ہو وہ مزید محنت و لگن سے بلوچستان کی قومی جدوجہد میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے عبدالواحد رئیسانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے بیان میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر شہید کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اس کے برعکس بی این پی نوجوانوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر خاموش نہیں رہے گی بیان میں شہید عبدالواحد رئیسانی کے لواحقین بالخصوص شعیب رئیسانی سے پارٹی کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو ماہ صیام میں صبرو جمیل عطا فرمائے اور شہید کے درجات بلند کرے بیان کے آخر میں کہا گیا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں بی این پی خاموش نہیں رہے گی بلکہ ظلم و زیادتی پر آواز بلند کرے گی۔