فرزانہ راجہ کے وارنٹ گرفتاری جاری، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم
اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کی عدالتی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی عدالت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن ریفرنس میں فرزانہ راجہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے بی آئی ایس پی ریفرنس کی سماعت کی تو فرزانہ راجا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرزانہ راجہ ریفرنس دائر ہونے کے بعد سے اب تک عدالت پیش نہیں ہوئیں، ایک سال سے حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ لیا جا رہا ہے، پتہ چلا ہے کہ فرزانہ راجہ 10سال قبل پاکستان سے امریکا منتقل ہوچکی ہے عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فرزانہ راجا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ملزمہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا عدالت نے شریک ملزم راجہ عبد المناف کے ناقابل ضمانت وارنٹس گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کیلئے تمام ملزمان کو طلب کر لیا، مقدمے کی مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی گئی۔