بلوچستان میں کورونا ویکسینیشن سست روی کا شکار
کوئٹہ :بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے باوجود کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے، گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں صرف 29 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی جاسکی۔بلوچستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کیلئے 46 مراکز قائم کیئے گئے ہیں، ان میں سے 13 کوئٹہ میں قائم ہیں۔ان مراکز پر روزانہ کی بنیاد پر ویکسین لگائی جا رہی ہے تاہم ویکسی نیشن کا یہ عمل سست روی کا شکار ہے جس کے ثبوت کیلئے یہی کافی ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے سے لے کر اب تک محض 29 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاسکی ہے،ان 29 ہزار میں سے 16 ہزار سے زائد افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤکی ویکسین کی پہلی خوراک جبکہ 1100 افراد کو دوسری خوراک لگائی گئی ہے۔بلوچستان میں ویکسی نیشن کرانے والوں میں ہیلتھ ورکرز کے علاوہ 60 سال سے زائد عمر کے 2 ہزار سے زائد افراد بھی شامل ہیں۔صوبائی حکام کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا عمل وفاق سے ویکسین کم ملنے اور رجسٹریشن کے عمل کی ست رفتاری کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کی اہمیت کے حوالے سے آگہی بیدار ہونے کے بعد لوگ ویکسین لگوانے کے لیے صحت کے مراکز میں آ رہے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے لیے کورونا کو نہ اور ویکسین کو ہاں کہنا ہوگا، اس حوالے سے عوام میں رجسٹریشن کے لیے زیادہ سے زیادہ شعور و آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔