وفاقی حکومت ہرسال 5.5 ارب روپے اسکالرشپس پرخرچ کرے گی،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش ہے رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ پروگرام ملک بھر میں شروع ہو، وفاقی حکومت ہرسال 5.5 ارب روپے اسکالرشپس پر خرچ کرے گی۔وفاقی دارالحکومت میں رحمت اللعالمین ﷺاسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اسکالر شپ صرف مسلمان بچوں کیلئے ہی نہیں، سب کیلئے ہیں۔ نبی پاکؐ کی سیرت پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، آپؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام میں وفاقی حکومت بھی تعاون کررہی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپس دیئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ رحمت اللعالمین اسکالرشپ پروگرام پاکستان میں انقلاب برپا کر دے گا، اسلام تعلیم کے فروغ پر زور دیتا ہے، قرآن کی پہلی وحی بھی پڑھنے کے حوالے سے آئی، تعلیم کسی بھی معاشرے کا بنیادی عنصرہے، اس کےبغیرکوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ پروگرام میں 50 فیصد اسکالر شپس خواتین کیلئےمختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ رحمت اللعالمین اسکالرشپ پروگرام میں وزیراعظم کے وژن کے مطابق کے پی حکومت بھی حصہ ڈالے گی، صوبے میں مختلف سطح پر کے پی حکومت تعلیمی وظائف دے رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اسکالر شپ پروگرام سےغریب اورمتوسط طبقے کو تعلیم کی سہولیت میسر آئیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے