کیسکونے رمضان المبارک کے مہینہ میں بجلی کی فراہمی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے
کوئٹہ : کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے رمضان المبارک کے مہینہ میں بجلی کی فراہمی کیلئے انتظامات کرلئے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرمیں سحری، افطاراورتراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جبکہ کوئٹہ شہر سے باہر تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کو بھی سحری، افطاری اور تراویح کے دوران بجلی فراہم کی جائے گی۔ تاہم صوبہ میں موجود تمام دیہی و زرعی فیڈروں کواُنکے پرانے شیڈول کے مطابق یومیہ مختلف اوقات کارمیں 6گھنٹے تک بجلی فراہم کی جائے گی۔کیسکوکے تمام سب ڈویژنوں میں عملہ اورلائن اسٹاف اپنے متعلقہ دفاتر میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔اس دوران صارف کی جانب سے کسی بھی علاقہ میں فنی خرابی کی شکایت موصول ہونے پر کیسکولائن اسٹاف بجلی بحالی کیلئے فوری کارروائی کرے گا اور کم سے کم وقت میں شکایت کاازالہ کیلئے ہرممکن کوشش کرے گا۔ کیسکومانیٹرنگ سیل بجلی کی صورتحال سے کیسکوکے اعلیٰ حکام کوآگاہ کرتارہے گاتاہم صوبہ میں موجودتمام صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے علاوہ کیسکوکے مرکزی کمپلینٹ سیل کے نمبروں 0819201445 اور 0812829753پربھی کال کرکے اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔لہٰذا کیسکونے ماہ رمضان میں اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں تمام غیر ضروری برقی آلات بند کرنے کے علاوہ صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں تاکہ رمضان المبارک میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔