پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے پی ڈی ایم کے عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اورعوام کے حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے کے فیصلوں سے اتحاد کو نقصان پہنچا پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی وجمہوری جماعت ہے جس کے قائدی اور جیالوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل چند جماعتوں کا پیپلز پارٹی اوراے این پی کو شوکاز نوٹس لینا کسی بھی طرح درست عمل نہیں تھا پی ڈی ایم میں شامل مفاد پرستوں کے اس عمل سے اتحاد کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے ملک اور عوام کے مفاد کو ترجیح دی ہے اور کبھی بھی اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین پرتنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پارٹی قائدین پر کیچڑ اچھالیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا پیپلز پارٹی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کسی بھی طرح درست نہیں ہے۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے وہ عوام کو موجودہ سلیکٹڈ اورنا اہل حکمرانوں سے عوام کو نجات دلاکر ہی دم لے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے