انڈونیشیا ؛ زلزلے کے شدید جھٹکوں میں 1300 عمارتیں منہدم اور 8 افراد ہلاک
جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 6.1 شدت کے زلزلے میں ایک ہزار تین سو عمارتیں منہدم اور 8 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔
انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیئے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.1 تھی اور زلزلے کا مرکز جنوبی ساحل میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
سب سے زیادہ نقصان سیاحتی مقام بالی میں ہوا جہاں ہزار سے زائد گھر اور دیگر عمارتیں گر گئیں۔ عمارتوں کے ملبے سے 8 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ اب بھی درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی کاموں کے درمیان لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ ایک ہفتے قبل لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 174 اور 48 لاپتہ ہوگئے تھے۔