مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے، شیخ رشید

کراچی:وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست کو بہت نقصان پہنچا ہے ، ان سے کہا تھا بچوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں آپ خراب ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہا ہے، عمران خان کیلئےاپوزیشن کوئی چیلنج نہیں، صرف مہنگائی چیلنج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے ستے خیراں دیکھ رہا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہزاد اکبر انویسٹی گیشن کے انچارچ ہیں وہی چینی کیسز کو دیکھ رہے ہیں، چینی اسکینڈل پر 57 اکاوَنٹ منجمد کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب ،ایف آئی اے اور دیگر ادارے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ رمضان پیکج کا اعلان جلد کردیا جائے گا، غریب طبقے کو مکانات کی فراہمی شروع کردی گئی ہے،تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف ملے گا، عدالتیں آزاد ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہتر ہے، چین اور دیگر ممالک سے اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ویزے آن لائن کردیئے ہیں، ہم نے پاسپورٹ 10 سال کیلئے کردیا ہے، فیس بھی آدھی کردی ہے، ای پاسپورٹ جون سے پہلے جاری کردیا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف ملک آمد کا اعلان کریں ، 24 گھنٹوں میں سفری پروانہ جاری کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے