احتجاج کی وجہ سے پولیو مہم کا بائیکاٹ کرنا افسوسناک ہے،اسفندیار خان
کوئٹہ :کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی وجہ سے پولیو مہم کا بائیکاٹ کرنا افسوسناک ہے کوئٹہ بلاک میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے حالیہ مہم انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم ملتوی ہونے کی وجہ سے اس بیماری کی روک تھام میں مشکلات درپیش آئے گی جس کا نقصان معصوم بچوں کی معذوری کی صورت میں سامنے آنے کا خدشہ ہے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو جاری رکھنے اور تمام بچوں تک قطروں کی رسائی ممکن بنانے کے لیے سول سوسائٹی اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پولیو مہم کو بلاتعطل شروع کیا جائے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بلاک میں پولیو کیسز رپورٹ ہونے سے ہماری کوششوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے لہذا اس سلسلے میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پولیو کی بیماری اب بھی ہمارے صوبے میں بچوں کو اپنی شکار بنا رہی ہے لہذا اس حوالے سے والدین علمائے کرام اور سول سوسائٹی کے افراد حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیکر پولیو کو شکست دینے کے لیے آگے آئیں اور بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچایا جاسکے۔