سلیکٹڈ حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں،نصر اللہ زیرے

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے نے گزشتہ روز گرینڈ الائنس ملازمین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت،سریاب روڈ توسیع کے متاثرہ دکانداروں کے احتجاجی کیمپ میں شرکت اور مشرقی بائی پاس میں نذر آتش ہونیوالے پٹرول پمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین کے احتجاجی دھرنے کے شرکاء اور سریاب احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی او ر ان کی نااہلی، ناکامی کے باعث آج ہر مکتبہ فکر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب صوبے کے تمام ملازمین احتجاج کررہے ہیں دوسری جانب زمیندار ایکشن کمیٹی،یونیورسٹی اساتذہ،پریس کلب کے سامنے جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن کے گزشتہ 3ہفتے سے زائد عرصے سے تادم بھوگ ہڑتال پر بیٹھے ہیں اور مختلف اضلاع کے عوام اپنے مطالبات کے حق میں پیدل لانگ مارچ اور اپنے اپنے اضلاع میں سراپا احتجاج ہے لیکن ان احتجاجوں میں سلیکٹڈ حکومت اورنہ ہی حکومت اور اس کے اتحادی جماعتوں میں شامل ممبران ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ اس کیلئے جدوجہد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ، نااہل اور ناکام وزیر اعلیٰ صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ہر دوسرے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور پھر صوبے سے باہر رہتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اب بھی صوبے کے عوام کو گمراہ کرنے سے باز نہیں آرہے ہیں اور عوام کے جائز مطالبات پر انہیں دستبردار کرانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اور اس کے اتحادی جماعتوں کے پاس بھی کوئی اختیار نہیں اور نہ ہی وہ سراپا احتجاج عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں کیونکہ ان کی دوڑ سلیکٹڈ وزیر اعلیٰ تک ہوتی ہے اور وزیر اعلیٰ کی دوڑ اپنے آقاؤں تک ہوتی جنہوں نے ان کی جماعت کوراتوں رات بناکر پھر 2018کے انتخابات میں عوام کی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈال کر انہیں سلیکٹڈ حکومت کا وزیر اعلیٰ بنایا تھا۔ انہو ں نے کہا کہ عوام ان سے خیر کی توقع نہ رکھیں اوراصل سیاسی جمہوری جماعتوں کی پہچان رکھیں جو ان کے مطالبات کیلئے عملی جدوجہد کرنے کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر ان کیلئے آواز بلند کررہے ہیں اور پشتونخوامیپ ہی وہ جماعت ہے جس نے اپنے عوام کو کسی بھی حالت میں تنہا نہیں چھوڑا۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کے گرینڈ الائنس ملازمین، سریاب توسیع روڈ منصوبے کے متاثرہ دکانداروں، جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن کے تادم بھوک ہڑتال کو ختم کراکر ان کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے