گورنمنٹ ملازمین کے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، نواب ثناء اللہ خان

خضدار سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان کے گورنمنٹ ملازمین کے دھرنے اور احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری مشینری انہی سرکاری ملازمین کی محنت اور صلاحیتوں کے باعث چلتی ہے صوبے میں امن ہو یا مخدوش صورتحال موسمی تغیر ہو یا معمولات زندگی میں تبدیلی ان ملازمین کے اعصاب کی بلندی اور فرض نبھانے میں رکاوٹ نہیں بنتی وہ روز معمول کے مطابق اپنے دفتری امور وفرائض احسن انداز میں نبھارہے ہوتے ہیں ٹیچرز شہر اور دیہی و پہاڑوں علاقوں تک جا کر اسکولز آباد کیئے ہوئے ہوتے ہیں سیکورٹی کی ذمہ داریاں نبہانے والے ملازمین پورے صوبے میں قیامِ امن کے لئے اپنے فرائض نبہارہے ہوتے ہیں۔ان کی اس محنت اور جفاکشی کے باوجود حوصلہ افزائی نہ کرنا اور اس بے تحاشا مہنگائی کے باوجود ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا ناانصافی ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے تمام صوبوں کو خط لکھا گیا دوسرے صوبوں نے عملدرآمد شروع کردیا ہے تاہم بلوچستان حکومت کی جانب سے ان ملازمین کی مطالبات تسلیم نہ کرنا اور تاخیری رویہ اختیار کرنا کوئی انصاف نہیں۔ بلوچستان ویسے ہی غریب اور پسماندہ صوبہ ہے جہاں نہ صنعتی زونز قائم ہیں نہ ہی زراعت و گلہ بانی ہے ایک ہی سرکاری ملازم کی تنخواہ پراس کے کنبے کے کثیر تعداد میں افراد اور رشتہ انحصار کرتے ہیں اسی سے ان کی زندگی چلتی ہے جب کہ موجودہ تنخواہ ایک سرکاری ملازم کیلئے ناکافی اور مہنگائی کے اس دور میں تو بالکل کافی نہیں ہے۔ بلوچستان حکومت حقِ حکمرانی کا کردار ادا کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے مطالبے کو فوری طور پر تسلیم کرکے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔ ملازمین گزشتہ کئی روز سے دھرنا اور احتجاج پر ہیں اس کے باوجود ان کے مطالبے کو تسلیم کرنے میں تاخیر افسوسناک ہے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ہمارے دورے حکومت میں صوبے کی تاریخ میں سب سے بڑھ کر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے گئے تعلیمی اداروں سرکاری املاک میں اضافہ کیا گیا پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کاجال بچھایا گیا اس کے باوجود ہم نے سرکاری ملازمین کو مایوس نہیں کیا اور ان کی تنخواہوں میں مناسب انداز میں اضافہ کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ بلوچستان حکومت کو بھی دفاعی پوزیشن پر جانے کی بجائے گورنمنٹ ملازمین پر دست شفقت رکھ کران کے مطالبات فوری طو رپر تسلیم کیا جانا چاہیے، میں خود اور اپنے تمام سیاسی ورکرز کی جانب سے گورنمنٹ ملازمین کے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے