تمام دکاندار ناجائز منافع خوری سے گریز کریں،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا
کوئٹہ :چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں پرائس کنٹرول، رمضان پیکیج، کورونا وائرس کی روک تھام سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری حافظ عبدالماجد، سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر اور تمام ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان با برکت مہینہ ہے اور ہم کو بحیثیت مسلمان اس مہینے کا خاص احترام کرنا ہوگا لہذا تمام دکاندار ناجائز منافع خوری سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے 50 ہزار مستحق خاندانوں کو پندرہ دن کی اشیا ضروریہ فراہم کی جائیگی انہوں نے کہا کہ صوبیمیں منا فع خو روں کو عام لوگوں کا استحصال کرنے سے روکنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور صوبے میں اشیائے خوراک کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صوبے میں عام لوگوں کو معیار ی کھا نے کی اشیاء کی دستیا بی یوٹیلٹی سٹورز میں ضروری معیا ری اشیائے خوردونوش کی دستیابی،پاکستان سے افغانستان اور ایران تک کھانے پینے کی اشیاء کی نقل و حرکت پر قابو پانے کے لیے مقامی انتظامیہ کا کردار ضلعی سطح پر سستا بازاروں کے انعقاد سمیت دیگر امور پر سخت ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ زائد قیمتیں وصول کرنے پر دکانداروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز سے گندم اور آٹے کی باہر جانے پر کڑی نظر رکھیں تاکہ آٹااور گندم اسمگل نہ ہو ں۔ چیف سیکر ٹری نے کہا کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے خورد و نو ش خاص کر دال، چینی، چاول، آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز انجمن تاجران اور مارکیٹ کمیٹی کے ساتھ مل کر نر خ نا مے بنائیں انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی کہ ہر ضلع میں سستے بازاروں کا انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک اور تیزی سے پھیل رہی ہے اور صوبائی حکومت اس کے روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات اور آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ اضلاع میں لوگوں کو ماسک پہننے کا پابند کریں کیونکہ وائرس کی شرح صوبے میں 5 فیصد بڑھ گئی ہے جو کہ بہت تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ علما ء کر م سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد وائرس کی روک تھام میں تعاون کریں انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی صوبائی حکومت کیساتھ تعاون کرنا چائیے اور دیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ضلعوں میں لاوئڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں میں کورونا وائرس سے متعلق شعور اجاگر کریں۔