نااہل حکمرانوں کے پاس سرکاری ملازمین کو دینے کیلئے پیسے نہیں ، سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہد: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں کے پاس سرکاری ملازمین کو دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں جبکہ وزراء اورارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے پیسے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈالائنس کے احتجاج کی بھر پور حمایت کرتی ہے اورانہیں یقین دلاتی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی انکے ساتھ ہےیہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کی پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے سرکاری ملازمین اورعوام دو وقت کے روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اب جبکہ وفاقی حکومت اوردیگر تین صوبوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصداضافہ کا اعلان کیا ہے لیکن بلوچستان حکومت ملازمین کو یہ اضافہ دینے پرتیار نہیں ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران مہنگائی میں کئی سو گنا اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے ملازمین کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈالائنس نے صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر گزشتہ دو دن سے ہاکی چوک پر دھرنا دے رکھا ہے حکومت ملازمین کے جائز مطالبات حل کرنے کی بجائے انکے خلاف انتقامی کارروائیوں کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے بصورت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی ملازمین کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔انہوں نے بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈالائنس کے رہنماوں کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے