فارن فنڈنگ کیس سے تحریک انصاف سرخرو ہو کر نکلے گی، فرخ حبیب
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس سے تحریک انصاف سرخرو ہو کر نکلے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کے کام میں تاخیر کے ذمہ دار اکبر ایس بابر ہیں، انہیں ہر پیشی پر مریم نواز کی طرف سے ایزی کوڈ ملتا ہے، ان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کارروائی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، وہ بتائیں کیس کو طول کیوں دے رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اسامہ بن لادن سے دس ملین ڈالر لئے، پی ٹی آئی نے ٹھیکوں اور کک بیکس سے فنڈز نہیں لئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی تین جماعتوں کے فنڈز کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے فنڈنگ کے ذرائع نہیں بتا رہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے اپنے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ سکروٹنی کمیٹی کو فراہم کیا۔ ہر شخص نے پی ٹی آئی کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔ یہ کیس ختم ہو گیا تو اکبر ایس بابر کو مریم نواز کی طرف سے ایزی لوڈ ملنا بند ہو جائے گا۔
حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنائے جانے کے بارے میں سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا، وہ معاشی بہتری کے لئے نئی ٹیم لے کر آ رہے ہیں، کپتان نے فیصلہ کرنا ہے کہ کون سے کھلاڑی نے کہاں کھیلنا ہے۔ حماد اظہر منتخب نمائندے ہیں، ان کی کارکردگی بہت زبردست ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم اپریل کے لئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے،مریم نواز الیکشن کمیشن میں اپنی رسیدوں سمیت پیش ہوں،اگر اپ پیش نہیں ہوتیں تو قوم سمجھے گی کہ آپ کے پاس رسیدیں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ ریکارڈ نہیں پیش کرتے چار سال سے بھگوڑے ہیں،
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے،مسلم لیگ ن کروڑوں روپے منتقلی کے ذرائع نہیں بتا رہی،تحریک انصاف نے ٹھیکوں پر کمیشن سے فنڈز نہیں لئے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی خدمت کررہے ہیں۔