مودی کیخلاف بنگلا دیش میں احتجاج جاری، ہلاک شہریوں کی تعداد 11 ہوگئی

ڈھاکہ: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لوٹ جانے کے بعد بھی بنگلا دیش میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام نے ملک گیر ہڑتال کی، سرکاری دفاتر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ پولیس تشدد کے باعث تین روز میں گیارہ شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

نریندر مودی چلا گیا، مگر بنگلا دیش کا امن تباہ کر گیا۔ بھارتی وزیراعظم کے دورے کے خلاف تیسرے روز ملک گیر ہڑتال ہوئی۔ دارالحکومت میں حفاظت اسلام نامی تنظیم کے ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ڈھاکہ چٹاگانگ ہائی وے بند کیا، کئی مقامات پر ٹائر جلائے جبکہ رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئیں۔

براہمن باریا نامی علاقے میں مظاہرین نے ٹرین پر حملہ کیا، سرکاری دفاتر میں بھی توڑ پھوڑ کی، کئی مقامات پر شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم بھی ہوا۔

نریندر مودی کے دورہ بنگلا دیش کے بعد سے ملک پرتشدد مظاہروں کی لپیٹ میں ہے۔ تین روز میں گیارہ مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں۔ بنگلا دیش میں گجرات کے قاتل کا آنا قابل قبول نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے