صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے ان کے آفس میں مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں
کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے ان کے آفس میں ضلع قلات اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقاتیں کیں جس میں بلوچستان عوامی پارٹی نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وفود نے وزیر داخلہ کو حلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج ہے۔ عوامی نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے۔ حلقوں میں عوامی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے۔ مخصوص شہروں پر فوکس کرنا ترقی نہیں یہ پسماندہ علاقوں کی حق تلفی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت ترقی کے سفر کو دور دراز علاقوں میں لے کر گئی ہے۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں صوبے کے عوام کی ترجیحات کو نظر انداز کر کے نمائشی منصوبے شروع کئے۔ بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو سے محکمہ داخلہ آفس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ داخلہ کی کارکردگی اور امن و امان کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔