بلوچستان کی سنگل شاہراہیں قتل گاہیں ثابت ہورہی ہیں، آغا محمود شاہ

کوئٹہ :جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا سید آغا محمود شاہ نے کردگاپ کے مقام پر خوفناک حادثہ میں جمعیت نوشکی کے رہنماؤں مولانا راز محمد بڑیچ کے خاندان کے آٹھ افراد جن میں حافظ عبدالمالک بڑیچ اپنے بال بچوں سمیت کی المناک موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سنگل شاہراہیں قتل گاہیں ثابت ہورہی ہیں اس مسئلے کو قومی اسمبلی کے فلور پر اٹھا چکا ہوں کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو ڈبل کرنے کے حوالے سے فوری طور پر عملی کام کا آغاز کیاجائے کیوں کہ آئے روز ہماری شاہراہوں پر خونی تصادم کے نتیجے میں عوام لقمہ اجل بن جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بے حس حکومت کو صوبے کی ترقی کے ساتھ عوام کی جان ومال کی کوئی پرواہ نہیں ہے صرف اور صرف من پسند افراد کو نوازنے اور کرپشن کے ذریعے مال بنانے میں مصروف ہیں اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام خاموش تماشائی نہیں بنے گی اور حکومت کی غفلت کے باعث مزید عوام کا کشت وخون نہیں دیکھنا چاہتی انہوں نے کردگاپ کے مقام پر تصادم کے نتیجے میں شہید ہونے والے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی فوری دادرسی کرتے ہوئے معاوضہ دیاجائے انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے