عوام کی مرضی کے بغیر ان پر حکومت مسلط کرنے کا نقصان ملک کو ہورہا ہے ،آصف زرداری
کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا یوم پاکستان کے موقع پر کہنا ہے کہ آج قائداعظمؒ کے فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کی مرضی کے بغیر ان پر حکومت مسلط کرنے کا نقصان ملک کو ہورہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ضد، جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے، آج کے دن ملک کی تعمیر، ترقی اور وطن پر جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید نے ہمیں وطن پرستی کا نظریہ دیا، پاکستان کا جوہری پروگرام شہید بھٹو کی یاد دلاتا رہے گا۔ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی بینظیر بھٹو شہید کی یاد دلاتی ہے، مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے وفاق کی تمام اکائیوں سے انصاف کرنا ہوگا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ1973ء کے آئین پر عمل کرنے سے ریاست مضبوط ہوگی، سماجی اور معاشی انصاف ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ آئین کی 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کی ضمانت ہے۔