چائلڈ کیئر سہولیات کا دائرہ پورے صوبے تک وسیع کردیا گیا ہے،جام کمال خان
کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ چائلڈ کیئر سہولیات کا دائرہ پورے صوبے تک وسیع کردیا گیا ہے،جس سے صوبے کے 20لاکھ بچوں کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی، بچوں کے لئے آنکا لوجی یونٹ سمیت دو مفاہمتی یاداشتوں پر بھی جلد دستخط کر لئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہی۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیڑھ سال قبل کوئٹہ میں چائلڈ کیئر کے اشتراک سے بچو ں کے لئے طبی سہولیات کا مرکز قائم کیا جسے بعد میں کچھ اور اضلاع میں بھی شروع کیاگیا منصوبے کی کامیابی کے بعد اب چائلڈ کیئر کے اشتراک سے صوبائی حکومت صوبے کے ہر ضلع میں شعبہ اطفال کے مراکز قائم کرنے جارہی ہے جس سے سالانہ 20لاکھ بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا ہونگی،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے اطفال کے لئے آنکالوجی کا شعبہ اور نووارٹس پروگرام کے تحت مخصوص بیماریوں کی ادویات پر سبسڈی دینے کے دو معاہدوں پر بھی جلد دستخط کئے جائیں گے