سریاب واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو سبی سے گرفتار کیا، ڈی آئی جی پولیس اظہراکرم

کوئٹہ:ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرم نے کہا ہے کہ 15مارچ کو سریاب روڈ پر بچوں کوبے دردی سے قتل کرنے والے ملزم کوسبی سے گرفتار کرلیا گیاہے، ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جو بچوں کے والدین کو بھی قتل کرنا چاہتا تھاجبکہ اب تک کی تفتیش سے گھر کی ملازمہ واردات میں ملوث نہیں پائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر پولیس آفیسران کے ہمراہ اتوار کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 15مارچ کو سریاب کے علاقے میں افسوسناک واقع پیش آیا جہاں 3بچوں کے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا تھا جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی تھی جسے بروقت طبی امداد ملنے پر بچالیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیدی تھی اور گزشتہ روز سبی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم اقبال کو گرفتار کرلیا جس نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے ملزم کا 3دن کا ریمانڈ دیدیا ہے جبکہ ان کی کوشش ہوگی کہ اس کیس کو جلد نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملزم بچوں کے والدین کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اب تک کی تفتیش سے گھر کی ملازمہ واردات میں ملوث نہیں پائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے