ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار
کوئٹہ:بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ایک سرکلر کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں کوویڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں بی سی او سی نے تمام شعبوں سمیت سرکاری دفاتر میں ایس او پیز پر عمل درآمد اور نظر انداز کرنے کے حوالے سے بار بار تہنبیہ کی ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں ایک لمبا سفر طے کیا ہے اور ماہرین کی رائے کے مطابق مستقبل میں مزید لہریں آنے کا خدشہ موجود ہے لہذا تمام اسٹیک ہولڈرز 24گھنٹے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے اپنے طور پر کوشش جاری رکھیں کیونکہ اس مرحلے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے سے کرونا وبائی بیماری کے خلاف کامیابیوں کو نقصان پہنچ سکتی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت کے مطابق اس پوشیدہ دشمن کے خلاف جنگ میں ذمہ دارانہ رویہ اور احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری محکموں میں ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنائی جائے اس سلسلے میں ایک بار پھر تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں تمام افسران اور اہلکاران کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ہدایت کریں خاص طور پر حفظان صحت کے مطابق احتیاطی تدابیر، معاشرتی دوری،ہاتھوں کی دھلائی اور ہینڈ سینیٹائزر کے بار بار استعمال کو یقینی بنائی جائے۔ سول سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر میں عوام کے داخلے کو محدود رکھا جائے تاکہ کرونا کوکنٹرول کیا جا سکے سرکاری دفاتر میں ماسک کے بغیر دفاتر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے۔ دفتری اجتماعات اجلاسوں اور کانفرنسوں کے دوران شرکاء میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنائی جائے۔